وزیراعظم کی مفت سولر اسکیم میں درخواست دینے والوں کے لیے بڑی خبر


گلگت بلتستان (قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان کی مفت سولر اسکیم میں مستحقین کے انتخاب کے لیے ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا باضابطہ آغاز کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان کی مفت سولر اسکیم کے تحت گلگت بلتستان میں مستحقین کے انتخاب کے لیے ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے اس اہم مرحلے کا افتتاح کیا۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری مشتاق احمد نے بتایا کہ درخواست دہندگان کے انتخاب کے لیے مکمل طور پر شفاف اور جدید ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے تاکہ حق داروں تک ان کا حق پہنچنا یقینی بنایا جا سکے۔
اس منصوبے کے تحت خطے میں مجموعی طور پر 58 میگاواٹ کے سولر سسٹمز فراہم کیے جائیں گے۔
گھریلو صارفین کے لیے 40 میگاواٹ مختص جبکہ چھوٹے کاروباروں اور آئی ٹی (IT) اداروں کے لیے 18 میگاواٹ مختص کئے گئے ہیں۔
صوبائی وزرا نے وزیراعظم کے اس اقدام کو گلگت بلتستان کے عوام کے لیے ایک بڑی سہولت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ خطے کی معاشی و سماجی ترقی میں بھی یہ منصوبہ سنگِ میل ثابت ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے آئی ٹی کے شعبے اور چھوٹے کاروباری طبقے کو خاص طور پر فائدہ پہنچے گا۔

WhatsApp
Get Alert