کرکٹر عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق کے نائلہ راجہ پر سنگین الزامات، بچوں کے حوالے سے بڑا دعویٰ
"ایسی عورت کا سایہ بھی اپنے بچوں پر نہیں پڑنے دوں گی"، ثانیہ اشفاق پھٹ پڑیں، دسمبر 2025 میں طلاق کے بعد اسٹار کرکٹر کی نجی زندگی تنازعات کا شکار

کراچی (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر عماد وسیم کی نجی زندگی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے۔ عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق نے سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا گھر تباہ کرنے والی خاتون اب ان کے بچوں میں سے ایک بچہ حاصل کرنا چاہتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 2019 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی 6 سالہ رفاقت کا خاتمہ دسمبر 2025 میں طلاق پر ہوا تھا۔ اس وقت ثانیہ اشفاق اپنے تین بچوں کی تنہا پرورش کر رہی ہیں، جبکہ عماد وسیم نے نائلہ راجہ سے دوسری شادی کر لی ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں ثانیہ اشفاق نے سخت ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ “میرا گھر تباہ کرنے والی اب میرا ایک بچہ لینا چاہتی ہے۔” انہوں نے مزید واضح الفاظ میں کہا کہ اس جیسی عورت کبھی میرے بچوں کی زندگی میں جگہ نہیں بنا سکتی اور وہ کبھی بھی ایسی عورت کا سایہ اپنے بچوں پر نہیں پڑنے دیں گی۔

دوسری جانب عماد وسیم، جو پاکستان کی جانب سے 55 ون ڈے اور 75 ٹی ٹوئنٹی میچز میں نمائندگی کر چکے ہیں، اپنی پہلی شادی کی ناکامی کو زندگی کا مشکل ترین باب قرار دے چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک انتہائی کٹھن دور سے گزرے ہیں لیکن اس باب نے انہیں بچوں کی صورت میں زندگی کی سب سے بڑی نعمتیں دیں، جن سے وہ لفظوں سے بڑھ کر محبت کرتے ہیں۔
اس تازہ ترین تنازع نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے اور مداحوں کی بڑی تعداد اس خاندانی معاملے پر اپنی آراء کا اظہار کر رہی ہے۔
