ڈیورنڈ لائن پر آمدورفت و تجارت کی بندش لاکھوں افراد کا مسئلہ ہے: اصغر خان اچکزئی


چمن (قدرت روزنامہ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ڈیورنڈ لائن پر آمدورفت اور تجارت کی بندش صرف چند افراد کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے پشتون افغان وطن اور لاکھوں لوگوں کا مشترکہ مسئلہ ہے۔
چمن میں ڈیورنڈ لائن سے متصل طویل احتجاجی دھرنے (پرلت) کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کافر، مسلمان، محب وطن اور غدار جیسے القابات کے بعد اب انصار اور مہاجر کا بیانیہ گھڑا جا رہا ہے، جبکہ افغانستان اور ایران پر حملوں کے معاملے پر خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالات چاہے کتنے ہی سنگین کیوں نہ ہوں، باشعور سیاسی کارکنوں کو اپنے وطن کے دفاع اور تحفظ کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ جلسے کی صدارت پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عیسیٰ خان روشان نے کی، جبکہ مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ امن و امان کی خراب صورتحال، معاشی بدحالی اور ڈیورنڈ لائن پر سخت پابندیوں نے چمن سمیت پورے خطے کے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ تجارت جو مقامی لوگوں کا بنیادی ذریعہ معاش تھی، مکمل طور پر بند ہو چکی ہے، جس کے باعث لاکھوں خاندان بے روزگاری اور مالی بحران کا شکار ہیں۔
انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی عدم توجہی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جائز مطالبات کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
مقررین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کا سب سے زیادہ نقصان عام عوام کو اٹھانا پڑتا ہے، اس لیے دونوں ممالک کو حالات کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔
انہوں نے بڑھتی ہوئی بدامنی، لوٹ مار اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
آخر میں مطالبہ کیا گیا کہ ڈیورنڈ لائن پر تجارت اور آمدورفت کو فوری بحال کیا جائے، کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع کی جائیں اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کے مسائل حل ہو سکیں۔

WhatsApp
Get Alert