کوئٹہ میں دہشتگردوں کی دو مختلف مقامات پر دہشتگردی کی کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا۔بابر خان یوسفزئی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)حکومت بلوچستان کے معاون برائے داخلہ بابر خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں دہشتگردوں کی دو مختلف مقامات پر دہشتگردی کی کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں، خصوصاً (ایف سی) اور پولیس نے فوری اور بھرپور کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہو گئے۔
معاون برائے داخلہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے مؤثر جواب کے بعد فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگرد فرار ہوتے ہوئے معصوم شہریوں پر فائرنگ کرتے رہے، جس کے نتیجے میں 5 شہری معمولی زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
بابر خان یوسفزئی نے کہا کہ بیرونی حمایت یافتہ دہشتگرد اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے معصوم بلوچ عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورے بلوچستان میں صورتحال کنٹرول میں ہے اور امن و امان برقرار ہے۔ صوبائی حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔
انہوں نے شہریوں اور میڈیا سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، جبکہ پولیس اور دیگر ادارے عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

WhatsApp
Get Alert