کوئٹہ اور گردونواح میں دستی بم حملے اور فائرنگ ایک شہری جاں بحق‘ 4اہلکار زخمی ،سیکیورٹی ہائی الرٹ اور سرچ آپریشن جاری

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ اور گردونواح میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس پر حملوں کے مختلف واقعات میں ایک شہری اں بحق جبکہ بارہ زخمی ہوئے ہیں تین ایف سی اہلکار اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق، سریاب میں ایف سی 115 ونگ کے گیٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی اور دستی بم پھینکا، جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہوئے۔
اسی طرح، کوئٹہ کے علاقے اغبرگ خونی تالاب کے مقام پر تھانہ نوحصار کی حدود میں پولیس چوکی کو نشانہ بنایا گیا، جہاں فائرنگ اور دستی بم حملے میں پولیس اہلکار عباس زخمی ہوا۔ پولیس کی بھرپور جوابی فائرنگ کے بعد موٹر سائیکلوں پر سوار حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم مسلح افراد نے فرار ہوتے ہوئے ایک نجی گاڑی کو بھی آگ لگا دی۔
دوسری جانب، دشت تیرہ مل کلی حسنی کے قریب زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ ایف سی 107 ونگ کی مر چیک پوسٹ پر بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، تاہم وہاں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ان پے در پے واقعات کے بعد کوئٹہ اور ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے اور ملزمان کے سراغ لگانے کے لیے متحرک ہیں۔
