قبائلی اضلاع کے 1375 ارب روپے کہاں گئے؟ وزیراعلیٰ کا وفاق کے سامنے بڑا مطالبہ، اسلام آباد میں اہم اجلاس کی اندرونی کہانی

خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں جوائنٹ اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس، قبائلی اضلاع کے لیے 30 ارب روپے کے فنڈز کی وفاقی یقین دہانی، وزیراعلیٰ کا این ایف سی شیئر پر تحفظات کا اظہار


اسلام آباد (ڈیلی قدرت نیوز) خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت جوائنٹ اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں قبائلی اضلاع کے تیز رفتار ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، امیر مقام، مبارک زیب اور صوبائی وزیر خزانہ مزمل اسلم سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے قبائلی اضلاع کے منصوبوں کے لیے 30.3 ارب روپے کی برج فنانسنگ فراہم کی ہے، جبکہ وفاق کی جانب سے رواں سال اے آئی پی کے تحت اب تک ایک روپیہ بھی جاری نہیں کیا گیا۔ انہوں نے وفاق کی جانب سے 20 ارب روپے جاری کرنے کے عندیہ کو ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فنڈز ضم اضلاع میں پولیس انفراسٹرکچر اور تکمیل کے قریب ہائی پرایارٹی منصوبوں پر خرچ ہوں گے، جبکہ ہائی امپیکٹ منصوبوں کے لیے مزید 9.3 ارب روپے جلد جاری کرنے کی وفاقی یقین دہانی بھی خوش آئند ہے۔

وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ ضم اضلاع میں امن و امان کے پیش نظر سرمایہ کاری ناگزیر ہے، اسی لیے صوبائی حکومت نے پولیس کی استعداد بڑھانے اور جدید اسلحہ و سازوسامان کے لیے 28 ارب روپے فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے گلہ کیا کہ انضمام کے بعد بھی قبائلی اضلاع کا حق دوسرے صوبوں میں تقسیم ہو رہا ہے اور گزشتہ سات سال میں ان اضلاع کے 1375 ارب روپے دیگر صوبوں کو دیے گئے، جس پر وزیراعظم کو این ایف سی شیئر کے حوالے سے خط بھی لکھا جا چکا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ضم اضلاع کی آبادی شامل ہونے کے بعد انہیں پورے مالی وسائل ملنے چاہئیں جو کہ انصاف کا تقاضا ہے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گھروں کی سولرائزیشن کے لیے نئی اے ڈی پی اسکیم کی سمری منظور ہو چکی ہے اور پی ڈی ڈبلیو پی اجلاس میں پی سی ون پیش کیا جائے گا، جبکہ فاٹا یونیورسٹی کی اسٹرینتھننگ کے لیے 2.5 ارب روپے جاری ہو چکے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ پولیس انفراسٹرکچر کے لیے 7 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں اور ایک ہزار نوجوانوں کو ٹیکنیکل اسکلز و انٹرنشپ کے مواقع دینے کی اسکیم بھی زیر غور ہے۔

WhatsApp
Get Alert