عمران خان کی رہائی کے لیے تنظیم سازی کا عمل جاری، 10 ہزار نوجوان رجسٹرڈ ہو چکے، شفیع جان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی شفیع جان نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے تنظیم سازی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اب تک 10 ہزار سے زائد نوجوان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔
وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے بتایا کہ اس سلسلے میں بھرپور انداز میں کیمپس لگائے جا رہے ہیں اور کل صوبے بھر میں 272 کیمپس قائم کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’خیبر ڈیجیٹل فارمنگ پلیٹ فارم‘ بھی لانچ کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے پورے پاکستان سے نوجوانوں کو شامل کیا جائے گا اور باقاعدہ ممبرشپ دی جائے گی۔


شفیع جان کے مطابق ارکان اسمبلی کو بھی اس حوالے سے مسلسل کالز موصول ہو رہی ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ جلد ایک لاکھ رضاکاروں کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ ممبران مکمل ہونے پر ان سے باقاعدہ حلف لیا جائے گا، جبکہ اس موقع پر سہیل آفریدی حلف برداری کرائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حتمی ہدف 10 لاکھ رضاکاروں کی تنظیم سازی ہے۔
شفیع جان نے اس بات کا عندیہ بھی دیا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے اسٹریٹ موومنٹ کے تناظر میں تیاریاں جاری ہیں اور پارٹی قیادت مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے۔
ان کے مطابق ایک مربوط اور نتیجہ خیز حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے، جسے حتمی شکل دے کر قوم کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی اور کارکنان دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ آئندہ کا لائحہ عمل مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ ہونا چاہیے اور کسی غلطی کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔
شفیع جان کے مطابق ملک بھر میں اس وقت ایک ہی مطالبہ نمایاں ہے، اور وہ ہے عمران خان کی رہائی، جس کے لیے بھرپور تیاری جاری ہے۔

WhatsApp
Get Alert