بلوچستان عوامی پارٹی کو مسلم لیگ (ن) میں ضم کرنے کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں: سینیٹر منظور کاکڑ
بی اے پی ایک مضبوط اور قومی سطح کی سیاسی جماعت ہے، کسی دوسری پارٹی میں ضم نہیں ہو رہی: مرکزی سیکرٹری جنرل پارٹی کی پارلیمان اور صوبائی اسمبلی میں بھرپور نمائندگی موجود ہے، سیاسی شناخت اور نظریے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: بیان انضمام سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں محض گمراہ کن پروپیگنڈا ہیں، حقیقت سے ان کا کوئی تعلق نہیں: سینیٹر منظور احمد خان کاکڑ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ): بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر منظور احمد خان کاکڑ نے بلوچستان عوامی پارٹی کو مسلم لیگ (ن) میں ضم کرنے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں اور افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی ایک مضبوط اور پاکستان لیول کی قومی سیاسی جماعت ہے جو کسی بھی دوسری سیاسی جماعت میں ضم ہونے نہیں جا رہی۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹر منظور احمد خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی قومی اسمبلی، سینیٹ اور بلوچستان اسمبلی میں باقاعدہ نمائندگی موجود ہے اور پارٹی اپنی سیاسی شناخت، نظریہ اور عوامی خدمت کے مشن کے ساتھ بھرپور طریقے سے فعال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی ایک منظم اور فعال سیاسی قوت ہے جو بلوچستان کے عوام کے حقوق کے تحفظ اور ملک کی ترقی و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کو مسلم لیگ (ن) میں ضم کرنے سے متعلق خبریں بے بنیاد، من گھڑت اور گمراہ کن پروپیگنڈا ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
