کوئٹہ: گرلز اسکول اسکیم میں غبن، اینٹی کرپشن کی بڑی کارروائی، سابق ایکس ای این سمیت 4 افراد نامزد

سریاب روڈ کے بجائے 11 کلومیٹر دور میاں غنڈی میں تعمیرات، 37 لاکھ روپے کی غیر قانونی ادائیگی کا انکشاف


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)کوئٹہ میں ترقیاتی اسکیم میں لاکھوں روپے کا غبن، ڈائریکٹریٹ آف اینٹی کرپشن بلوچستان کی کارروائی، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ڈائریکٹر یٹ آ ف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کی جانب سے کارروائی کے دوران محکمہ سی اینڈ ڈبلیو بلوچستان کی ایک تعمیراتی اسکیم میں بڑے پیمانے پر غبن اور بدعنوانی کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق، موصولہ شکایات کی بنیاد پر مجاز حکام کی منظوری سے تحقیقات کا آغاز کیا گیا، جس میں گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول کلی بادینی، سریاب روڈ، کوئٹہ میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر سے متعلق اسکیم کا جائزہ لیا گیا۔تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ متعلقہ ٹھیکیدار کو کام کا آغاز کرنے کے لیے ورک آرڈر جاری کیا گیا، تاہم محکمے کے افسران نے مبینہ طور پر فراڈ کے ذریعے اصل مقام کی بجائے تقریباً 11 کلومیٹر دور میاں غنڈی، کوئٹہ مستونگ روڈ پر تعمیراتی کام کروایا۔اینٹی کرپشن ٹیم نے تکنیکی ٹیم کی مدد سے جب اصل مقام کا دورہ کیا تو معلوم ہوا کہ منظور شدہ جگہ پر کوئی تعمیراتی کام سرانجام نہیں دیا گیا۔ تکنیکی رپورٹ میں متعدد بے ضابطگیاں سامنے آئیں، جن میں اصل مقام سے ہٹ کر تعمیر، پی سی ون کے برخلاف کام، دائرہ کار میں غیر قانونی تبدیلیاں اور میڑرمنٹ بک میں فرضی اندراجات شامل ہیں۔تحقیقات میں اس دوران تعینات افسران اور متعلقہ ٹھیکیدار، جن میں خیر بخش انصاری (سابقہ ایگزیکٹو انجینئر)، شیرو خان (سابقہ سب ڈویڑنل آفیسر)، ذوالفقار علی (سابقہ سب انجینئر) اور عمیر رزاق (سرکاری ٹھیکیدار) شامل ہیں، کو فراڈ، غبن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور سرکاری فنڈز میں خرد برد میں ملوث پائیگئے۔مزید یہ کہ ملزمان نے بغیر مجاز حکام کی منظوری کے اور پی سی ون کے مطابق کام مکمل کیے بغیر ٹھیکیدار کو 37 لاکھ روپے سے زائد کی رقم غیر قانونی طور پر ادا کی۔ ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن قوانین کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان جناب سرفراز احمد بگٹی صاحب کے ویڑن کے مطابق، صوبے سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے یہ مہم بلا امتیاز جاری رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert