خیبرپختونخوا میں بارشوں سے 25 شہری جاں بحق، 77 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے


پشاور(قدرت روزنامہ)پی ڈی ایم اے نے 25 مارچ سے اب تک ہونے والی بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے اب تک 25 افراد جاں بحق جبکہ 77 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں 18 بچے، 2 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 33 مرد، 9 خواتین اور 35 بچے شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مجموعی طور پر 88 گھروں کو نقصان پہنچا ہے جن میں 71 گھروں کو جزوی جبکہ 17 گھر مکمل طور پر منہدم ہو گئے ہیں۔
یہ حادثات صوبے کے مختلف اضلاع بنوں، ایبٹ آباد، کوہاٹ، پشاور، نوشہرہ، باجوڑ، لکی مروت، کرم، ہنگو، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، اپر دیر، بٹگرام، شمالی وزیرستان اور ٹانک میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور باہمی رابطے میں ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرین کو فوری امدادی سامان فراہم کیا جائے جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو مالی امداد جلد از جلد دی جائے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور یکم اپریل سے 4 اپریل تک مزید بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی ایڈوائزری پر عمل کریں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور شہری کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا موسمی صورتحال سے متعلق معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert