بلوچستان : پاکستان سے ایران جانے کے لیے ‘راہداری سسٹم’ بند، نوٹیفکیشن جاری‘اب صرف ویزہ نظام کے ذریعے آمد و رفت ہوگی

اب ایران آمدورفت کے لیے ویزا اور پاسپورٹ لازمی قرار، سرحدی علاقوں کے رہائشیوں کے لیے رائج خصوصی سہولت ختم


ڈی سی چاغی کے دفتر سے اعلامیہ جاری، تاحکمِ ثانی کسی بھی فرد کو نئی راہداری جاری نہ کرنے کا فیصلہ
سرحدی عوام کو مشکلات کا سامنا، بغیر پاسپورٹ و ویزا سفر کی سہولت معطل ہونے سے آمد و رفت متاثر
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان سے ایران جانے کے لیے راہداری سسٹم بند کر دیا گیا ہے، جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گوادر کے بعد چاغی کی ضلعی انتظامیہ نے بھی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چاغی کی انتظامیہ نے یکم اپریل سے راہداری سسٹم بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ ڈی سی چاغی کے دفتر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ راہداری نظام تاحکمِ ثانی معطل کیا جا رہا ہے۔ اب کسی بھی فرد کو ایران جانے کے لیے راہداری کا اجراء نہیں ہوگا۔
راہداری سسٹم کے تحت سرحدی علاقوں کے رہائشی افراد کو پاسپورٹ اور ویزا کے بغیر دونوں ممالک کے مابین سفر کی اجازت تھی، تاہم یہ سہولت دونوں ممالک کے بارڈر ایریاز کے رہائشی عوام کو حاصل تھی۔ اب ایران آمدورفت کے لیے ویزا اور پاسپورٹ کے ذریعے سفر لازمی قرار دے دیا گیا۔ گزشتہ ماہ بھی گوادر کی ضلعی انتظامیہ نے ایران جانے کے لیے رائج راہداری سسٹم بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ اے سی گوادر کے دفتر سے جاری اعلامیے کے تحت گوادر انتظامیہ نے بھی جاری راہداری سسٹم کو تاحکمِ ثانی معطل کرنے کا حکم دیا۔ آئندہ کسی بھی فرد کو راہداری جاری نہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert