شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر ایٹمی طاقت بنایا، آئینی، سیاسی اور معاشرتی بنیادیں مضبوط کیں اور محروم طبقات کے حقوق و وقار کے تحفظ کو ہمیشہ اولین ترجیح دی، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا بانی پاکستان پیپلزپارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 47 ویں برسی کے موقع پر پیغام

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک دوراندیش، عوام دوست اور تاریخی کردار کے حامل شخصیت تھے، جنہوں نے پاکستان کی ناقابلِ تسخیر ایٹمی طاقت، آئینی، سیاسی اور معاشرتی بنیادیں مضبوط کیں اور محروم طبقات کے حقوق و وقار کے تحفظ کو ہمیشہ اولین ترجیح دی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج ملک کا دفاع جوہری ٹیکنالوجی کی بدولت ناقابل تسخیر ہے، اس کی ابتداء قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے کی انہوں نے مزید کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے آئینی طور پر عوام کو طاقتور بنایا اور سیاست کو اشرافیہ کے گرد گھومنے والی سرگرمیوں سے نکال کر عوام تک پہنچایا۔ ان کی قیادت میں عوام کو ووٹ کی طاقت ملی، قومی ادارے مضبوط ہوئے، اور ملکی پالیسی سازی میں عوامی امنگوں کی ترجمانی کو یقینی بنایا گیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھٹو شہید نے ملکی دفاع، ایٹمی پروگرام اور قومی خودمختاری کے لیے تاریخی فیصلے کیے اور پاکستان کی عالمی پوزیشن کو مستحکم بنایا۔ ان کی وژنری قیادت آج بھی ملکی خارجہ پالیسی، عالمی تعلقات اور ترقی کی سمت کا رہنما اصول ہے انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے مسلم دنیا کو متحد کرنے، فلسطینی کاز کی حمایت اور ترقی پذیر ممالک کے تعاون کے لیے متوازن پلیٹ فارم قائم کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ اگر وہ آج زندہ ہوتے تو مسلم امہ کے موجودہ چیلنجز اور عالمی مسائل بالکل مختلف ہوتے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عوام کے لیے ان کی جدوجہد کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے بلوچستان میں بھی شفاف حکمرانی، مؤثر سروس ڈلیوری اور عوامی فلاح کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ترقی، خوشحالی اور استحکام کے اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہے تاکہ بلوچستان کے عوام کو بہتر سہولیات، مساوی مواقع اور روشن مستقبل فراہم کیے جا سکیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قائدین کی قربانیاں اور وژن ہمیں یہ سبق دیتے ہیں کہ عوامی فلاح، مساوات اور عدل کے اصولوں کے لیے مسلسل جدوجہد ضروری ہے، اور یہی عزم بلوچستان اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ میں رہنمائی فراہم کرتا ہے
