پولیس اہلکاروں کے ناروا رویے اور اختیارات سے تجاوز کی روک تھام، عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کیلئے نیا اور جدید شکایتی نظام متعارف، بلوچستان پولیس

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان پولیس نے شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے اختیارات کے ممکنہ ناجائز استعمال کی روک تھام کے لیے ایک اہم اور مثر اقدام اٹھاتے ہوئے شکایات درج کرانے کا جدید نظام متعارف کرا دیا ہے۔ ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق آئی جی پولیس بلوچستان کی ہدایت پر شہریوں کو براہ راست اپنی شکایات درج کروانے کے لیے واٹس ایپ اور ٹول فری نمبر فراہم کیے گئے ہیں ترجمان کے مطابق شہری اب پولیس اہلکاروں کے ناروا رویے، اختیارات سے تجاوز، ایف آئی آر درج نہ کرنے یا تاخیر جیسے مسائل کے خلاف براہ راست شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے آئی جی بلوچستان پولیس کا ذاتی واٹس ایپ نمبر 03043470110 جاری کیا گیا ہے، جہاں شہری اپنی شکایات، ویڈیوز یا دیگر شواہد بھی ارسال کر سکتے ہیں اس کے علاوہ شکایات کے اندراج کو مزید آسان بنانے کے لیے ٹول فری نمبر 111775544-81 بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے شہری بغیر کسی معاوضے کے اپنی آواز حکام تک پہنچا سکتے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کو بحال کرنا اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے صوبے بھر کے تمام تھانوں کے باہر بھی اہم فون نمبرز آویزاں کر دیے گئے ہیں تاکہ شہری کسی بھی وقت متعلقہ حکام سے رابطہ کر سکیں۔ ان نمبرز میں 9203377، 9204081، 9204180 اور 9204090 شامل ہیں، جن کے ذریعے شہری اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ترجمان بلوچستان پولیس نے بتایا کہ کوئٹہ میں سینٹرل پولیس آفس میں ایک خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے، جہاں موصول ہونے والی تمام شکایات کو باقاعدہ رجسٹر کیا جاتا ہے اور ان پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔ اس سیل کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ شکایت کنندہ کا نام اور شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جاتی ہے تاکہ شہری بلا خوف و خطر اپنی شکایات درج کرا سکیں حکام کے مطابق موصول ہونے والی ہر شکایت کا فوری نوٹس لیا جاتا ہے اور اگر کسی پولیس اہلکار کے خلاف الزامات ثابت ہو جائیں تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ اس نظام کے تحت نہ صرف شکایات کا بروقت ازالہ ممکن بنایا گیا ہے بلکہ ایف آئی آر کے فوری اندراج کو بھی یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوامی خدمت کے جذبے کے تحت کیا گیا ہے اور اس کا بنیادی مقصد عام شہری کو انصاف کی فراہمی، پولیس کے احتساب کو مضبوط بنانا اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔ بلوچستان پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور کسی بھی ناانصافی کی صورت میں فوری طور پر اپنی شکایت درج کروائیں تاکہ ایک شفاف اور جوابدہ نظام قائم کیا جا سکے۔
