حکومت بلوچستان کے سخت فیصلے، سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال پر پابندی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت قومی کفایت شعاری اقدامات پر جائزہ اجلاس میں صوبے میں سرکاری وسائل کے ضیاع کے خلاف سخت فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سابق گورنرز، وزرائے اعلیٰ، سابق وزراء، سابق اراکین اور غیر متعلقہ اہلکاروں سے سرکاری گاڑیاں فوری طور پر واپس لی جائیں گی، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام سرکاری گاڑیوں کا آڈٹ کیا جائے گا اور ایندھن صرف تصدیق شدہ گاڑیوں کو جاری کیا جائے گا۔ 2005 سے پرانی سرکاری گاڑیوں کی مرحلہ وار نیلامی اور گاڑیوں کی ریشنلائزیشن کی بھی منظوری دی گئی۔
دفتری اوقات کے بعد سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے، اور صرف مجاز اتھارٹی کی اجازت سے سرکاری گاڑی استعمال کی جاسکے گی۔ تمام گاڑیوں میں ٹریکرز نصب کیے جائیں گے، بیرون صوبہ جانے پر پابندی ہوگی اور اندرون شہر نقل و حرکت سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹر کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوامی وسائل کے ضیاع کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ سرکاری گاڑیوں کے خلاف ضابطہ اور غیر ضروری استعمال پر بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔
