بجلی عوام کا بنیادی حق، بحران سے جلد نجات دلائیں گے، نواب زادہ میر جمال خان رئیسانی، سیاسی و سماجی شخصیات کے تعاون سے عوامی مسائل کے حل کے لیے قربانی سے دریغ نہیں کروں گا


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی نواب زادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ کلی چلتن، رئیسانی، ہزار گنجی، کلی خزاں، میاں غنڈی، زہری ٹان، گوہر آباد اور اختر آباد کے عوام کے مسائل سے آگاہ ہوں اور بجلی کے بحران سے بہت جلد عوام کو نجات دلائیں گے کیونکہ بجلی عوام کا بنیادی حق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سروان ہاؤس میں جمعیت ضلع کوئٹہ کے سابق سیکرٹری اطلاعات و امیر نجم المدارس یونٹ مولانا محمد طاہر توحیدی اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ظفر اللہ جتک سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا محمد طاہر توحیدی نے رکن قومی اسمبلی کو ان علاقوں کے عوام کی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے بریفنگ دی کہ بجلی کے بحران سے گیارہ ہزار گھرانے، 300 مساجد اور 200 سے زائد دینی مدارس، اسکول اور تعلیمی ادارے متاثر ہیں۔ نواب زادہ میر جمال خان رئیسانی نے مولانا توحیدی کی عوامی مسائل اجاگر کرنے پر کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاسی اور سماجی شخصیات کے تعاون سے عوامی مسائل کے حل کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کروں گا۔ مولانا توحیدی نے محکمہ جنگلات کی جانب سے درپیش مشکلات کے حوالے سے بھی ایک تحریری رپورٹ پیش کی، جس پر رکن قومی اسمبلی نے فوری طور پر محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا، مسئلے کو حل کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ عوام کو درپیش مسائل کی راہ میں کسی محکمے کی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا۔

WhatsApp
Get Alert