اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان 2 ادوار پر مشتمل باضابطہ مذاکرات اب تک مکمل ہو گئے ، ماحول مثبت، نتائج مجموعی طور پر حوصلہ افزاء قرار

اسلام آباد ( قدرت روزنامہ ) اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان 2 ادوار پر مشتمل باضابطہ مذاکرات اب تک مکمل ہو گئے ، ماحول مثبت، نتائج مجموعی طور پر حوصلہ افزاء قرار دیئے جا رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے مذاکرات میں پاکستان ثالث کی حیثیت سے شریک ہے جہاں 2 ادوار پر مشتمل باضابطہ مذاکرات اب تک مکمل ہوچکے ہیں۔
’’جیو نیوز ‘‘ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پہلے مرحلے میں امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان علٰیحدہ علیٰحدہ ملاقاتیں ہوئیں، دوسرے مرحلے میں امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان براہِ راست مذاکرات شروع ہوئے۔جے ڈی وینس، سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر نے ایرانی وفد سے ملاقات کی، امریکی وفد نے محمد باقر قالیباف اور عباس عراقچی سے براہِ راست بات چیت کی۔ ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر کی موجودگی میں ہوئی۔
اس وقت دونوں وفود کے درمیان ورکنگ ڈنر جاری ہے، ورکنگ ڈنر کے بعد تیسرے مرحلے کے تکنیکی مذاکرات شروع ہوں گے، تکنیکی مذاکرات میں دونوں جانب کے سینیئر حکام شریک ہوں گے، مذاکرات میں تفصیلات اور باقی معاملات پر بات کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ اب تک مذاکرات کا مجموعی ماحول مثبت رہا ہے، نتائج بھی مجموعی طور پر حوصلہ افزاء قرار دیئے جا رہے ہیں۔
مذاکرات سے قبل ایران اور امریکہ کے وفود نے وزیر اعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی امن کی صورتِ حال پر غور کیا گیا۔
