بلوچستان : چاغی میں مائننگ کمپنی پر مسلح افراد کا دھاوا، غیر ملکی انجینئر سمیت 10 افراد جاں بحق

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) چاغی کے ضلعی صدر مقام دالبندین سے شمال مغرب میں واقع پاک افغان سرحدی علاقے دریگون میں گزشتہ شب مسلح افراد نے ایک نجی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں غیر ملکی انجینئر اور حفاظتی اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔ نجی خبر رساں ادارے یو این اے کی رپورٹ کے مطابق پرنس فہد ہسپتال دالبندین میں اب تک دو لاشیں اور پانچ زخمی لائے جا چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک ترک باشندہ اور دالبندین سے تعلق رکھنے والے دو مقامی سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ دیگر کا تعلق ملک کے مختلف علاقوں سے ہے۔
ذرائع کے مطابق دریگون کے علاقے میں این آر ایل کمپنی تانبے اور سونے کی تلاش کے منصوبے پر کام کر رہی تھی کہ گزشتہ شام مسلح افراد نے دھاوا بول دیا۔ حملے کے دوران شرپسندوں نے تیل کے ذخیرے کو آگ لگا دی، جس کے باعث 6 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے جبکہ 4 افراد فائرنگ کی زد میں آکر جان کی بازی ہار گئے۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ سرکاری حکام نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ تاہم، اس حساس سرحدی علاقے میں غیر ملکی ماہرین اور مقامی عملے پر اس قدر بڑا حملہ صوبائی حکومت کی سیکیورٹی پالیسیوں اور انٹیلی جنس کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
