ایران امریکا مذاکرات: پاکستان کی انتھک کوششیں پھر رنگ لے آئیں، ایرانی وزیر خارجہ کی آج اسلام آباد آمد متوقع


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی ثالثی ٹیم کے ساتھ اہم بات چیت کے بعد امریکا اور ایران کے مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کے امکانات ایک بار پھر روشن ہوگئے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی آج رات اسلام آباد آمد متوقع ہے جبکہ امریکی لاجسٹکس اور سیکیورٹی ٹیم پہلے ہی دارالخلافے میں موجود ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی مصالحتی ٹیم کے ساتھ ہونے والی اہم بات چیت اور مشاورت کے نتیجے میں اب اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کا قوی امکان پیدا ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں امریکا کی لاجسٹک اور سیکیورٹی ٹیمیں پہلے ہی اسلام آباد میں موجود ہیں تاکہ مذاکراتی عمل کے لیے ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جاسکے۔
اس اہم دورے سے قبل سفارتی سطح پر رابطوں میں تیزی دیکھی گئی ہے، جہاں ایرانی وزیرِ خارجہ نے پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کے ساتھ ٹیلی فون پر تفصیلی گفتگو کی تھی۔ ان رابطوں کا مقصد خطے میں کشیدگی کو کم کرنا اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل نکالنا ہے۔
پاکستان اس وقت امریکا اور ایران کے درمیان ایک اہم سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے اور اسلام آباد میں ہونے والی یہ ممکنہ بیٹھک علاقائی امن اور استحکام کے لیے کلیدی ثابت ہوسکتی ہے۔ تمام متعلقہ فریقین کی اسلام آباد میں موجودگی اس بات کا اشارہ ہے کہ پسِ پردہ ہونے والی سفارت کاری اب ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔

WhatsApp
Get Alert