ٹرمپ کی برطانیہ کو دھمکی، ٹیکس ختم نہ کیا تو بھاری ٹیرف لگے گا

ماہرین کے مطابق یہ بیان امریکا اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات میں کشیدگی کا باعث بن سکتا ہے


واشنگٹن(قدرت روزنامہ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی اخبار دی ٹیلیگراف کو دیے گئے ایک انٹرویو میں برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر عائد ٹیکس ختم نہ کیا گیا تو امریکا بھاری ٹیرف عائد کر سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے برطانوی حکومت کی جانب سے امریکی ٹیک کمپنیوں پر لگائے گئے ڈیجیٹل ٹیکس کو ’غیر منصفانہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام امریکی کاروباری مفادات کے خلاف ہے۔
انہوں نے برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کو بالواسطہ پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ٹیکس پالیسی برقرار رہی تو امریکا جوابی کارروائی کے طور پر برطانوی مصنوعات پر بڑے پیمانے پر ٹیرف نافذ کر سکتا ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اپنی کمپنیوں کے ساتھ امتیازی سلوک برداشت نہیں کرے گا اور اس معاملے پر سخت موقف اپنایا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ بیان امریکا اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات میں کشیدگی کا باعث بن سکتا ہے، کیونکہ دونوں ممالک پہلے ہی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ٹیکس کے معاملے پر اختلافات رکھتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان یہ تنازع بڑھتا ہے تو اس کے اثرات عالمی تجارت، ٹیکنالوجی سیکٹر اور سرمایہ کاری کے ماحول پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert