ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کی دورہ عمان کے بعد دوبارہ اسلام آباد آمد


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی دورہ عمان کے بعد دوبارہ اسلام آباد پہنچ گئے۔ اطلاعات کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کی ایک بار پھر سے اسلام آباد آمد ہوئی ہے، اس بار ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی عمان کے دارالحکومت مسقط سے اپنا دورہ مکمل کرنے کے بعد اسلام آبادپہنچے ہیں، ان کے ساتھ دورے میں شریک ہونے کے لیے ایران کا ایک وفد بھی تہران سے اسلام آباد پہنچ چکا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ وزیر خارجہ کے ہمراہ پاکستان آنے والے وفد کے بعض ارکان مشاورت اور جنگ کے خاتمے سے متعلق امور پر ضروری ہدایات حاصل کرنے کے لیے تہران واپس چلے گئے تھے، وہ اب اسلام آباد میں دوبارہ عباس عراقچی کے ساتھ شامل ہوئے ہیں، ایک ایرانی سفارت کار کا کہنا ہے کہ اگر عراقچی ثالثوں کے ساتھ مشاورت کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ معاہدہ ممکن ہے تو آنے والے دنوں میں ایرانی اور امریکی وفود کی ملاقات ہو سکتی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ دورہ عمارن کے دوران مسقط میں عمان کے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ملاقات ہوئی، دوطرفہ ملاقات میں علاقائی صورتِ حال اور دو طرفہ معاملات پر گفتگو کی گئی، اس دوران ایران جنگ کے خاتمے کی کوششوں پر تبادلہ خیال بھی ہوا، عمان کے سلطان نے خطے کے عوام پر بحرانوں کے اثرات کو محدود کرنے اور پائیدار سیاسی حل سے متعلق تجاویز دیں، انہوں نے مسائل کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی زبان کو ترجیح دینے پر زور دیا۔
اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی ہفتے کے روز اسلام آباد سے روانہ ہوئے تھے جہاں پاکستان تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثی کی کوششیں کر رہا ہے، ایرانی وزیر خارجہ عمان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اور اپنے غیر ملکی دورے کی تیسری منزل یعنی روس روانگی سے پہلے اب دوبارہ پاکستان آئے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert