حکمرانوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، دہشت گردی وسائل پر قبضے کی منظم کوشش ہے، اصغر خان اچکزئی

تجارتی راستوں کی بندش سے لوگ نانِ شبینہ کے محتاج، حکومت کسانوں کے قرضے معاف کرے، قلعہ سیف اللہ میں اے این پی کے جلسہ عام اور احتجاجی ریلی سے رہنماؤں کا خطاب


قلعہ سیف اللہ (ڈیلی قدرت)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے قلعہ سیف اللہ میں عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسند اقتدار پر براجمان حکمرانوں کو عوام کے سنگین مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ پشتون خوا اور بلوچستان میں مسلط کردہ دہشت گردی دراصل وسائل پر قبضہ جمانے کی ایک منظم کوشش ہے جس کا خمیازہ پشتون بلوچ اقوام بھگت رہی ہیں۔ تجارتی راستوں کی بندش نے معاشی شہ رگ کو متاثر کیا ہے جس کے باعث لوگ نانِ شبینہ کے محتاج ہو چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے سے مشکلات کا شکار عوام پر حالیہ طوفانی بارشوں اور ژالہ باری نے مزید تباہی ڈھائی ہے، جس سے صوبے کی واحد صنعت زراعت اور روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ حکومت فوری طور پر زمینداروں کے ذمے تمام سرکاری قرضہ جات معاف کرنے کا اعلان کرے۔ جلسے سے ضلعی صدر حاجی محمد خان کاکڑ، ملک امان اللہ خان کاکڑ اور دیگر رہنماں نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو غریب پر معاشی وار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اے این پی ہر فورم پر عوامی حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔ جلسے سے قبل مہنگائی اور بدانتظامی کے خلاف احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی۔

WhatsApp
Get Alert