واٹس ایپ کا اپنا اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ کلاؤڈ بیک اپ فیچر متعارف کرانے کا منصوبہ


نیویارک (قدرت روزنامہ) میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ WhatsApp ایک نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے جس کے تحت صارفین اپنی چیٹس کو براہِ راست ایپ کے اپنے کلاؤڈ اسٹوریج میں محفوظ کر سکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق اس وقت اینڈرائیڈ صارفین گوگل ڈرائیو جبکہ آئی فون صارفین آئی کلاؤڈ کے ذریعے اپنے چیٹ بیک اپ محفوظ کرتے ہیں، تاہم مشہور ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق واٹس ایپ اب اپنا انکرپٹڈ کلاؤڈ اسٹوریج سسٹم آزما رہی ہے۔
یہ نیا فیچر فی الحال اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں دستیاب ہے اور ابتدائی طور پر صارفین کو 2 جی بی مفت اسٹوریج فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔
اس فیچر کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ کلاؤڈ میں محفوظ تمام ڈیٹا پہلے سے موجود اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ساتھ مکمل طور پر محفوظ ہوگا، جس سے صارفین کی پرائیویسی اور سیکیورٹی میں اضافہ ہوگا۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ ایک پریمیم پلان متعارف کرا سکتی ہے جس کے تحت تقریباً 1 ڈالر ماہانہ میں 50 جی بی تک کلاؤڈ اسٹوریج فراہم کیا جا سکتا ہے۔
فی الحال یہ فیچر آزمائشی مراحل میں ہے اور اس کے تمام صارفین کے لیے اجراء کی کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

WhatsApp
Get Alert