11سالہ سعد جہانگیر منج نے شطرنج میں تاریخ رقم کر دی، انٹرنیشنل ماسٹر ٹائٹل جیت لیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کے کم عمر اور باصلاحیت کھلاڑی سعد جہانگیر منج نے شطرنج کی دنیا میں شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ صرف 11 سال کی عمر میں وہ شطرنج میں ایرینا انٹرنیشنل ماسٹر (AIM) ٹائٹل حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
ان کی اس غیر معمولی کامیابی کو Pakistan Sports Board سمیت کھیلوں کے مختلف حلقوں کی جانب سے بھرپور سراہا گیا ہے۔ بورڈ نے اپنی آفیشل سوشل میڈیا پوسٹس میں اسے پاکستان کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ اور نوجوانوں کے لیے متاثر کن مثال قرار دیا۔
اسی طرح پنجاب کے وزیرِ کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے بھی سعد جہانگیر منج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شطرنج سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔
سعد جہانگیر منج کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے ذاتی عزم و محنت کا نتیجہ ہے بلکہ پاکستان میں ذہنی کھیلوں کے روشن مستقبل کی بھی نوید ہے۔
