چمن میں بیڈ گورننس عروج پر، جعلی مینڈیٹ والے حکمران ڈیلیور کرنے میں ناکام ہو چکے، اصغر خان اچکزئی
ڈیورنڈ لائن پر تجارت کی بندش بدامنی اور ڈکیتی کی اصل وجہ ہے، حکومتی چھتری تلے پشتون وطن کو جرائم کی آماجگاہ بنایا جا رہا ہے، اے این پی رہنما

چمن (ڈیلی قدرت) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے ضلع چمن میں ضلعی مجلسِ عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت چمن میں بیڈ گورننس اپنی انتہا کو چھو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے آنے والے حکمران ڈیلیور کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں اور چمن میں بدامنی و ڈکیتی کی اصل وجہ ڈیورنڈ لائن پر تجارت کی بندش ہے۔ اجلاس کی صدارت ضلعی صدر عبدالخالق حقمل نے کی، جبکہ ڈاکٹر عبدالصمد اچکزئی اور سمیع اللہ خان نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے چمن میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز، بے روزگاری اور ترقیاتی کاموں میں ناقص مٹیریل کے استعمال پر انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور چمن شہر اور دیہات میں غیر اعلانیہ اور ظالمانہ لوڈ شیڈنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بجلی کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا۔اصغر خان اچکزئی نے الزام عائد کیا کہ منشیات فروشی، مسلح جتھوں کی بھرمار اور انتہا پسندی حکومتی و ریاستی چھتری تلے ہو رہی ہے تاکہ پشتون وطن کو جرائم کی آماجگاہ ثابت کیا جا سکے۔ اجلاس میں ضلع میں پارٹی کو منظم کرنے کے لیے مختلف تحصیلوں میں ورکرز تربیتی کنونشنز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے مطابق 10 مئی (اتوار) کو صدر تحصیل، 17 مئی (اتوار) کو سٹی تحصیل اور 07 جون (اتوار) کو تحصیل ژڑہ بند میں کنونشنز ہوں گے۔ اجلاس میں عزم کیا گیا کہ فکری تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کو ضلع بھر میں فعال اور منظم کیا جائے گا۔
