چمن کے مسائل پر حکومت کی سست روی افسوسناک، بارڈر بندش معاشی خودکشی ہے، خان امان اللہ خان اچکزئی


چمن(ڈیلی قدرت کوئٹہ) چمن پریس کلب میں پشتون قومی جرگہ کا قبائلی رہنما خان امان اللہ خان اچکزئی کی قیادت میں پریس کانفرنس منعقد ہوا پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ق ، سول سوسائٹی ، لغڑی اتحاد و دیگر سیاسی و سماجی تنظیموں نے شرکت کی پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ چمن شہر کی ابتر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چمن شہر میں موٹر سائیکل سواروں کے ذریعے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے منشیات کا سرعام استعمال نوجوان نسل کو تباہ کر رہا ہے، جس کے پیچھے جرائم پیشہ عناصر سرگرم ہیں۔ بارڈر پر خواتین اور بچوں کی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم پر فوری قابو پانے کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے پاک-افغان سرحد(چمن بارڈر)کی بندش کو علاقے کے لیے “معاشی خودکشی” قرار دیا تقریبا 15 لاکھ افراد کا زریعہ معاش اس سرحد سے وابستہ تھا جو اب مکمل طور پر ٹھپ ہو چکا ہے۔ تاجروں کا کروڑوں روپے کا مال سرحد پار پھنسا ہوا ہے، جس سے مقامی منڈیاں اور دکانیں ویران ہو گئی ہیں۔ معاشی تنگ دستی کی وجہ سے لوگ جائیدادیں بیچ کر ہجرت کرنے اور بچوں کو اسکولوں کے بجائے مزدوری کیلئے بھیجنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ پریس کانفرنس میں سیکیورٹی اور انتظامی اداروں کے رویے پر بھی سوالات اٹھائے گئے مقامی شہریوں اور تاجروں کو “مہاجرین” کے نام پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔ چیک پوسٹوں اور دیگر مقامات پر مبینہ طور پر رشوت طلب کی جاتی ہے۔پولیس کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف شفاف تحقیقات اور مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک کمیٹی بنائیں گے جو بہت جلد صوبائی و وفاقی حکومتی کے نمائندوں سے مل کر تمام مسائل کے حل کیلئے ملاقاتیں کریں گے ۔

WhatsApp
Get Alert