سعودی عرب کا خطے میں فوجی کشیدگی پر اظہارِ تشویش، پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت

جدہ(قدرت روزنامہ)سعودی عرب نے خطے میں جاری حالیہ فوجی کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے کشیدگی کم کرنے اور تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔
جدہ میں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت سعودی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں علاقائی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں خطے میں جاری حالیہ کشیدگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے فریقین سے کشیدگی کم کرنے پر زور دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کابینہ اجلاس میں تنازع کے حل میں مدد کیلئے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا گیا اور سیاسی حل اور مزید کشیدگی اور عدم استحکام سے بچنے کیلئے ثالثی کی کوششوں حمایت کی گئی۔

سعودی کابینہ کے اجلاس میں آبنائے ہرمز میں جہازوں کی محفوظ اور بلارکاوٹ آمدورفت یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

سعودی وزارت خارجہ نے پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلے کا ایسا سیاسی حل تلاش کیا جائے جو خطے کو مزید کشیدگی اور عدم استحکام سے بچا سکے۔

سعودی میڈیا کے مطابق اجلاس میں سعودی وزارت انصاف اور پاکستانی وزارت قانون میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت بھی منظور کی گئی۔

WhatsApp
Get Alert