تربت میں بینک ڈکیتی، پولیس نے بڑے نقصان سے بچانے کا دعویٰ کر دیا، ملزمان لاکھوں روپے لوٹ کر فرار

تربت(ڈیلی قدرت کوئٹہ) مسلم کمرشل بینک کی مین بازار سونار گلی میں قائم برانچ کو مسلح ڈاکوں نے لوٹ لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان بینک کانٹر سے 8 لاکھ 34 ہزار 700 روپے نقدی لے گئے جبکہ بینک کے نجی سیکیورٹی گارڈ سے ایک رائفل اور ایک پسٹل بھی چھین کر فرار ہو گئے۔ ڈاکوں نے بینک کو آگ لگانے کی کوشش بھی کی تاہم تربت پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث بینک جلنے سے بچ گیا اور لاکرز میں موجود رقم محفوظ رہی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جس پر ملزمان فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد ڈی آئی جی مکران عمران قریشی، ایس پی کیچ کیپٹن زوہیب محسن، ایس پی تمپ محمد عارف، ایف سی اہلکار اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ایس پی کیچ زوہیب محسن نے میڈیا کو واقعہ کے مطابق بتایا کہ جبکہ بینک منیجر کے مطابق تربت پولیس کی فوری کارروائی کے باعث بڑے نقصان سے بچا ممکن ہوا۔ ایس پی کیچ کیپٹن زوہیب محسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ کے وقت وہ اپنے دفتر میں ڈی آئی جی مکران کیساتھ ایک اہم میٹنگ میں مصروف تھے کہ اچانک اطلاع ملی کہ کچھ مسلح افراد بینک میں داخل ہوگئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ایس ایچ او اور ڈی ایس پی سمیت پولیس ٹیموں کو موقع پر روانہ کیا گیا، جو بروقت پہنچ گئیں، جبکہ وہ خود بھی میٹنگ چھوڑ کر فوری طور پر بینک پہنچ گئے۔ ایس پی کے مطابق ابتدائی معلومات سے پتہ چلا ہے کہ ملزمان بینک میں محض ایک سے دو منٹ تک موجود رہے اور کارروائی کے بعد فرار ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے جلدی میں کہا کہ “پولیس آ رہی ہے” اور موقع سے فرار ہو گئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے فوری طور پر علاقے میں ناکہ بندی کر دی ہے اور مختلف ٹیمیں ملزمان کے تعاقب میں روانہ کر دی گئی ہیں، جبکہ بینک کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ایس پی کیپٹن زوہیب محسن کے مطابق ابتدائی طور پر اطلاع ہے کہ ملزمان چار سے پانچ لاکھ روپے لے گئے ہیں، تاہم بینک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس وقت بینک میں زیادہ رقم موجود نہیں تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے اسٹرونگ روم کے قریب پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش بھی کی، تاہم پولیس اور بینک عملے کی بروقت کارروائی کے باعث آگ پر فوری قابو پا لیا گیا، جس سے ایک بڑے نقصان سے بینک کو بچا لیا گیا۔ ایس پی زوہیب محسن نے کہا کہ پولیس نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
