آج سے 11 مئی کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کی لہر کا امکان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے 11 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دادو، شہید بینظیرآباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہروفیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، سبی، تربت اور پنجگور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان اور ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب، ڈیرہ اسماعیل خان میں پارہ 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، اسلام آباد، راولپنڈی،لاہور اور سیالکوٹ سمیت بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب ماہرین نے سخت گرمی میں شہریوں کو دھوپ میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے اور زیادہ سے زیادہ پانی پینے کا مشورہ دیا ہے۔
