’پاکستان زندہ باد‘ کے نعروں سے اسلام آباد گونج اٹھا، طلبہ کا پاک فوج کو خراجِ تحسین

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے حوالے سے طلبہ کی جانب سے حب الوطنی اور پاک افواج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بھرپور ریلی نکالی گئی، جس میں شرکاء نے قومی یکجہتی اور ملکی سلامتی کے عزم کا اعادہ کیا۔
اسلام آباد میں آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے تناظر میں طلبہ کی جانب سے پاک افواج سے اظہارِ یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کرنے کے لیے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی سپورٹس کمپلیکس سے شروع ہو کر گلوب چوک تک نکالی گئی، جس میں طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایس پی سٹی زون ڈاکٹر ایاز حسین بھی موجود تھے۔
ریلی کے شرکاء نے ’پاکستان زندہ باد‘، ’پاک فوج زندہ باد‘ اور قومی یکجہتی کے حق میں نعرے لگائے، جبکہ ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا کر ملک کی سلامتی، امن اور استحکام کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
شرکاء نے پاکستان کی بہادر افواج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
ریلی کے دوران اسلام آباد پولیس کی جانب سے سیکیورٹی اور ٹریفک کے مؤثر انتظامات کیے گئے تاکہ شرکاء کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
