کراچی: این سی سی آئی اے کا ڈیفنس میں غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ، 7 ملزمان گرفتار

کراچی (قدرت روزنامہ)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ايجنسی نے ڈی ایچ اے فیز II ایکسٹینشن میں چھاپہ مار کر ایک منظم غیر قانونی کال سینٹر کو بے نقاب کردیا۔

حکام کے مطابق کارروائی کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ کال سینٹر کے ایجنٹس غیر ملکی بینکوں کے عملے کا روپ دھار کر اسپوفنگ کے ذریعے شہریوں کو دھوکا دے رہے تھے۔

حکام کے مطابق ابتدائی تجزیے سے معلوم ہوا کہ یہ غیر قانونی کال سینٹر غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بنا رہا تھا اور جعلی طور پر بینک نمائندے بن کر حساس معلومات حاصل کر رہا تھا جن میں سوشل سکیورٹی نمبرز، فون نمبرز، تاریخ پیدائش، والدہ کا نام اور سی وی وی کوڈز شامل ہیں۔

حکام نے بتایا کہ حاصل کردہ ڈیٹا مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر مرچنٹ اکاؤنٹس پر چارجز کرنے اور مالی فائدہ اٹھانے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا، چھاپے کے دوران 10 لیپ ٹاپس، 6 موبائل فونز اور ہزاروں غیر ملکی شہریوں کا بینکنگ ڈیٹا سمیت متعدد ڈیجیٹل آلات اور شواہد برآمد کیے گئے، تمام آلات اور متعلقہ شواہد موقع پر ہی ضبط کر لیے گئے۔

حکام نے مزید بتایا کہ 7 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا اور ان کا جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے جب کہ ضبط شدہ سامان کو تکنیکی تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert