ہر خاندان کو ماہانہ 12 ہزار 120 روپے نقد دیے جائیں گے ، بڑا اعلان ہوگیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا نے شمالی وزیرستان (North Wazirstan)اور خوست کے متاثرہ خاندانوں کے لیے بڑی مالی امداد جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ ہر خاندان کو ماہانہ 12 ہزار 120 روپے نقد فراہم کیے جائیں گے جبکہ اس کے ساتھ 8 ہزار روپے مالیت کا ماہانہ فوڈ راشن بھی دیا جائے گا۔
سرکاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 17 ہزار 788 متاثرہ خاندان اس امدادی پیکج سے مستفید ہوں گے، اور جولائی و اگست 2025 کے بقایا جات کی مد میں کروڑوں روپے جاری کیے جا رہے ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق اس امدادی منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 71 کروڑ 86 لاکھ روپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے۔ فنڈز کی ترسیل موبائل سمز کے ذریعے کی جائے گی تاکہ شفافیت اور براہِ راست ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
مراسلے میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ امدادی رقم کی تقسیم کا عمل فوری مکمل کیا جائے جبکہ غیر تقسیم شدہ رقوم اور سروس چارجز 60 روز کے اندر واپس جمع کروائے جائیں۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا نے تمام ریکارڈ اور آڈٹ تفصیلات بھی جمع کرانے کی ہدایت کی ہے تاکہ مالی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد متاثرہ خاندانوں کی معاشی مشکلات میں کمی اور بنیادی ضروریات کی فوری فراہمی ہے۔

WhatsApp
Get Alert