ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں اراضی کے تنازع پرفائرنگ مولاناعبدالخالق دمڑجاں بحق

پشین (ڈیلی قدرت کوئٹہ)ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں اراضی کے تنازع پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں جمعیت علما اسلام یونین کونسل رودملازئی کے رہنما اور ممتاز قبائلی شخصیت مولانا عبد الخالق دمڑ جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی ہے اور مقامی آبادی میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق زمین کی ملکیت کے تنازع پر دو فریقین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے دوران مبینہ طور پر مہراب خان دمڑ نے فائرنگ کر دی، جس سے مولانا عبد الخالق دمڑ شدید زخمی ہو گئے۔مرحوم کو فوری طور پر سول ہسپتال خانوزئی منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ مولانا عبد الخالق دمڑ علاقے کی بااثر مذہبی و سماجی شخصیت تھے، جن کی وفات پر سیاسی و قبائلی حلقوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ خانوزئی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں، جبکہ علاقے میں مزید کشیدگی روکنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے عوام سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔
