آئیں مل کرایک دوسرے کے ہاتھ تھامیں اور پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں، گورنر جعفر مندوخیل


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں معرکہ حق کی مناسبت سے منعقدہ جشن پروگرام کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں معرکہ حق پاکستان کی شاندار تاریخی فتح کا جشن منانے کیلئے اکھٹے ہوئے ہیں۔ ہمارے ہاتھ میں ایک ایسا مشعل ہے جو ہمارے مستقبل کی راہیں بھی روشن کریگا۔ پاکستان کی شاندار جیت کا جشن درحقیقت ہماری قومی یکجہتی اور افواج پاکستان کے غیرمتزلزل جذبے کو مزید استحکام بخشتا ہے۔ یہ فتح پورے پاکستان کی پے۔ ہم ایک جیتی ہوئی جنگ کا جشن منا نے کے ساتھ ساتھ ایک متحد، پرعزم اور آگے بڑھتے ہوئے پاکستان کی لامحدود صلاحیت کا جشن منا رہے ہیں۔ بلاشک و شبہ ہم نے تاریخ رقم کی ہے۔ ہم ایک ایسے ملک بھارت سے نبرد آزما تھے جو فوج میں، ہتھیاروں میں اور افرادی قوت میں ہم سے کئی گنا بڑا تھا۔ پھر بھی یہ ہماری فوج کی دلیری، حکمت عملی اور ثابت قدمی کے سامنے نہیں ٹھہر سکا۔ یہ واقعی ایک متحد اور ابھرتی ہوئی قوم کی طاقت اور حکمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان میرسرفراز بگٹی، کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، لیڈر آف دی اپوزیشن میر یونس زہری، اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ر عبد الخالق اچکزئی اور صوبائی وزرا و اراکین اسمبلی سمیت اعلی سول و ملٹری آفیسران موجود تھے۔ واضح رہے کہ معرکہ حق کی فتح کی مناسبت سے منعقدہ جشن کے پروگرام میں پچاس سے زائد ممالک کے مہمانان اور خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تقریبا آدھی دنیا دیکھی ہے لیکن جو عزت ہمیں اور آپ کو اپنے ملک پاکستان میں ملتی ہے وہ کہیں بھی نہیں ملے گی۔ آج بھی ہمارا عزم اٹل ہے اور ہمارا مستقبل بہت روشن ہے لیکن دشمن نے ذلت آمیز شکست کے بعد ایک اور چال چلی ہے، مختلف سازشوں پر اتر آیا ہے۔ ہماری قومی یکجہتی کو اپنے پراکسیز کے ذریعے خراب کرنے کی ناکام کوشش کرتا ہے۔ واضح رہے کہ ہم دشمن کے ہر قسم کے پروپیگنڈوں اور سازشوں کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ ہم نے بھارت کو میدان جنگ میں ادھر بھی شکست دی اور ہم خدا کے فضل و کرم سے ان پراکسیوں کو ادھر بھی شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے ادارے بالخصوص ہماری دلیر افواج درپیش اندرونی چیلنجوں پر بھی بآسانی قابو پالیں گے۔ اس فتح کا سہرا پوری طرح ہمارے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے سر ہے جنہوں نے پورے پاکستان کو فخر کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ ہم جو بھی قدم اٹھاتے ہیں ہر فتح جو ہم حاصل کرتے ہیں۔ ہماری سالمیت کو مضبوط کرتا ہے اور ہمیں آگے بڑھاتا ہے۔ اب پہلے سے کہیں زیادہ، ہمیں اپنے نوجوانوں میں حب الوطنی کا یہ جذبہ ابھارنا ہوگا تاکہ ہماری فوج کی جرات اور شجاعت انہیں محب وطن پاکستانی بنانے میں رہنمائی فراہم کریں۔ پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے جسطرح پاکستان امریکہ اور ایران کیلئے امن اور مذاکرت بن گیا اسی طرح اب پاکستان شاندار میگا پروجیکٹ سی پیک کی تکمیل کے بعد دنیا کے معاشی جمود کا خاتمہ کر کے پورے خطے میں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا عالمی مرکز بنے گا۔ آئیں مل کر اٹھیں، ایک دوسرے کے ہاتھ تھامیں اور پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل، وزیراعلی بلوچستان میرسرفراز بگٹی اور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے پاک آرمی کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز کا معائنہ کیا اور جنگی ساز و سامان سے متعلق بریفینگ دی۔ گورنر بلوچستان نے معرکہ حق کی فتح کے حوالے سے شاندار پروگرام کے انعقاد پر وزیراعلی بلوچستان میرسرفراز بگٹی کو مبارکباد دی ۔

WhatsApp
Get Alert