عالمی ٹرانزٹ ٹریفک بڑھانے کے لیے گوادر پورٹ پر ٹیرف میں نمایاں کمی کا فیصلہ

گوادر(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے عالمی ٹرانزٹ ٹریفک بڑھانے کے لیے گوادر پورٹ پر ٹیرف میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا۔

جنید انوار چوہدری کے مطابق کنٹینر بردار جہازوں کی برتھنگ فیس میں 25 فیصد کمی اور انٹرنیشنل ٹرانس شپمنٹ کنٹینرز پر پورٹ چارجز میں 40 فیصد کمی کر دی گئی، ٹرانزٹ کنٹینر کارگو پر پورٹ چارجز 31 فیصد تک کم کیے گئے۔

وفاقی وزیر نے جنرل کارگو کے لیے ایک ماہ مفت اسٹوریج سہولت متعارف کروانے کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ کارگو لانے والے جہازوں کو بڑا ریلیف دے دیا گیا، دیگر قومی بندرگاہوں کے مقابلے میں ریکارڈ مراعات دی جا رہی ہیں، گوادر کو علاقائی لاجسٹکس مرکز بنانے کی پالیسی پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ نئے ٹیرف سے شپنگ لائنز کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ہے، گوادر بندرگاہ پر کارگو ہینڈلنگ میں اضافے سے معاشی سرگرمیاں تیز ہونے کا امکان ہے، روزگار کے نئے مواقع اور لاجسٹکس سیکٹر میں توسیع کی توقع ہے۔

چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں روزگار کے مواقع میں اضافہ متوقع ہے، نئے ٹیرف اسٹرکچر سے تجارت کو فروغ ملے گا۔

WhatsApp
Get Alert