وجے کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد اداکارہ تریشا کی ذومعنی پوسٹ، سوشل میڈیا پر تعلقات کی خبریں زیرِگردش


چنئی(قدرت روزنامہ)جنوبی بھارت کی ریاست تامل ناڈو کے نو منتخب وزیراعلیٰ اداکار جوزف وجے اور اداکارہ تریشا کرشنن کی تعلقات کی خبریں سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں۔
تامل اور تیلگو فلموں کی معروف اداکارہ تریشا کرشنن اتوار کو اداکار سے سیاستدان بننے والے وجے کی بطور وزیرِ اعلیٰ تامل ناڈو حلف برداری تقریب میں شرکت کے بعد خبروں کی زینت بنی رہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ تقریب میں تھلاپتی جوزف وجے کے والدین کے ساتھ موجود تھیں۔
پیر کو تریشا نے سوشل میڈیا پر اپنی پہلی پوسٹ شیئر کی، تاہم سب سے زیادہ توجہ اس کے کیپشن نے حاصل کی۔
اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر انہوں نے تقریب کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، محبت ہمیشہ گرج دار اور اس کی گونج زیادہ ہوتی ہے۔
اس جملے نے فوراً ہی سوشل میڈیا پر مداحوں نے وجے کے ساتھ ان کے تعلقات کی افواہوں کے تناظر میں چہ مگوئیاں شروع کر دیں۔
اداکار کی بطور وزیر اعلیٰ حلف برداری:
43 سالہ تریشا جو بہت زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ ہیں، اپنی والدہ اوما کرشنن کے ساتھ تقریب میں شریک ہوئیں، جب وجے نے حلف لینے کے بعد عوام سے خطاب کیا تو تریشا انہیں تامل ناڈو کے مستقبل کے منصوبوں پر بات کرتے دیکھ کر جذباتی ہو گئیں، وہ تالیاں بجنے کے دوران آنسوؤں کے ساتھ مسکراتی دکھائی دیں۔
سوشل میڈیا پر ایک اور تصویر بھی کافی وائرل ہو رہی ہے جس میں تریشا، وجے کی والدہ شوبھا کو گرمجوشی سے گلے لگا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ وجے اور تریشا کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔
اگرچہ دونوں کے ماضی میں بھی تعلقات کی افواہیں زیر گردش رہی ہیں، 2025 میں وجے کی اہلیہ سنگیتا کی جانب سے 26 سالہ شادی ختم کرنے اور ایک اداکارہ کے ساتھ شوہر کے مبینہ تعلقات کا الزام لگانے کے بعد قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔
سنگیتا اور ان کے دو بچے اتوار کی حلف برداری تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔
طلاق کی خبروں کے چند دن بعد وجے اور تریشا کو چنئی میں ایک شادی کی تقریب میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔
تریشا وجے کی رہائش گاہ پر بھی اس دن موجود تھیں جب انتخابات کے نتائج آرہے تھے یاد رہے کہ یہ تریشا کی سالگرہ کا بھی دن تھا۔

WhatsApp
Get Alert