مضر صحت اشیا کی فروخت کیخلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مختلف اضلاع میں کارروائیاں تیز 4 یونٹس کو سیل کیا گیا، 25 فوڈ بزنس یونٹس پر جرمانے عائد ، جبکہ 39 بہتری کے نوٹسز جاری


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ )بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) نے صوبہ بھر میں ناقص اور مضرِ صحت اشیا خوردونوش کے خاتمے کے لیے مہم تیز کرتے ہوئے مختلف اضلاع میں کریک ڈان کیا ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 4 یونٹس کو سیل کیا گیا، 25 فوڈ بزنس یونٹس پر جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ 39 بہتری کے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ضلعی سطح پر کارروائیوں کی تفصیلات:کوئٹہ: ایئرپورٹ روڈ، سبزل روڈ اور سریاب روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بیکریز، ریسٹورنٹس اور ٹریڈر گوداموں کا معائنہ کیا گیا۔ غیر معیاری کولڈ ڈرنکس کی تصدیق پر ایک ٹریڈر کا گودام اور کچن میں حشرات و ناقص صفائی پر ایک پیزا پوائنٹ سیل کر دیا گیا۔ ایک سپر اسٹور پر خراب کیک فروخت کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔گوادر: ایئرپورٹ روڈ پر ایک کیفے اور 4 جنرل اسٹورز کو ایکسپائرڈ مصالحہ جات، ممنوعہ چائنیز نمک اور گٹکا برآمد ہونے پر جرمانہ کیا گیا۔خضدار: زائدالمعیاد بسکٹس اور کنفیکشنری اشیا فروخت کرنے والے 4 ہول سیل ڈیلرز کو جرمانہ کیا گیا اور مضر اشیا موقع پر تلف کر دی گئیں۔ڈیرہ مراد جمالی: 2 کریانہ اسٹورز سے ممنوعہ گٹکا برآمد ہوا، جبکہ ایک بیکری کو جعلی لیبلنگ اور ناقص صفائی پر جرمانہ کیا گیا۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق، فوڈ بزنس آپریٹرز کو فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد اور لائسنسنگ کا عمل مکمل کرنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے، جبکہ مختلف اشیا کے نمونے لیبارٹری تجزیہ کے لیے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert