جیٹ فیول قیمت میں کمی، فضائی سفر سستا ہونے کا امکان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے عوام کیلئے ایک اور بڑی خوشخبری دیتے ہوئے جیٹ فیول قیمت میں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد ملک میں فضائی سفر کے کرایوں میں کمی کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں 111 روپے 44 پیسے فی لیٹر کی نمایاں کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمت کے تحت جیٹ فیول اب 330 روپے 22 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق جیٹ فیول قیمت میں کمی سے ایئرلائنز کے آپریشنل اخراجات کم ہوں گے، جس کے باعث مقامی اور بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں کمی متوقع ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی ایئرلائن انڈسٹری کیلئے ریلیف ثابت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جنگی صورتحال کے باعث گزشتہ دنوں جیٹ فیول کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا تھا۔ 9 مئی 2026 کو حکومت نے جیٹ فیول کی قیمت میں 53 روپے 11 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا جس کے بعد قیمت 441 روپے 66 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی تھی۔
ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ کمی کے باوجود موجودہ قیمتیں اب بھی ماضی کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔ یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی سے قبل جیٹ فیول کی قیمت تقریباً 188 روپے فی لیٹر تھی۔
واضح رہے کہ حکومت نے ایک روز قبل پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی 5 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد عوام کو مزید ریلیف ملنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert