کوئٹہ: بخت محمد کاکڑ کی کارکردگی قابلِ تحسین، صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری کا دعویٰ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلزپارٹی کوئٹہ ڈویژن کے نائب صدر ملک عیسیٰ خان ملازئی نے صوبائی وزیر صحت بخت محمد خان کاکڑ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے مختصر مدت میں محکمہ صحت میں نمایاں بہتری کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بخت کاکڑ کی قیادت میں صحت کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے، جس کے نتیجے میں عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو رہی ہے۔ انہوں نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بلوچستان میں صحت و ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کو بھی خوش آئند قرار دیا۔
ملک عیسیٰ خان ملازئی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے جدید ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن اور جدید طبی سہولیات سے آراستہ منصوبوں کا افتتاح کر کے بلوچستان کے عوام کے لیے نئی امید پیدا کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل میں صوبائی وزیر صحت بخت کاکڑ کا کردار بھی اہم رہا ہے جنہوں نے عملی اقدامات کے ذریعے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ دور دراز علاقوں میں صحت سہولیات کی فراہمی، ہسپتالوں کی بہتری، ادویات کی دستیابی اور طبی عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کے اقدامات قابلِ تعریف ہیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی فلاح و بہبود کے ہر اقدام کی حمایت جاری رکھے گی اور صوبائی حکومت کے ساتھ صحت کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بخت محمد کاکڑ اپنی محنت اور لگن سے بلوچستان کے صحت کے نظام کو مزید مستحکم کریں گے۔
