کوئٹہ: غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف جے یو آئی رہنماؤں کا اظہارِ تشویش، فوری حل کا مطالبہ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حقیار، مفتی محمد ابوبکر، عبدالباری شہزاد، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی اور حاجی عطاء محمد شمشوزئی نے اپنے مشترکہ بیان میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں کیسکو حکام کی مبینہ نااہلی، غفلت اور غیر ذمہ دارانہ رویے کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ شیخ ماندہ، کلی گل محمد، سریاب اور شہر کے دیگر علاقوں میں کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بجلی کی مسلسل بندش نے نہ صرف گھریلو صارفین کو متاثر کیا بلکہ تاجروں اور کاروباری طبقے کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔ خاص طور پر درزی حضرات، جن کا روزگار عید کے دنوں میں بڑھ جاتا ہے، اس صورتحال سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی جیسے مسائل سے دوچار ہیں تو دوسری جانب غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں نے کیسکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں، بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائیں اور عوام کو مزید اذیت سے بچایا جائے۔

WhatsApp
Get Alert