بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے، سرکاری ملازمین کا حکومت سے مطالبہ
مزدور کی کم از کم اجرت 50 ہزار روپے مقرر، پنشنرز کی کم از کم پنشن 50 ہزار، محروم ملازمین کی تنخواہوں میں فرق ختم کرنے کیلئے 30 فیصد الاوٴنس دیا جائے، آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس

اسلاام آباد(قدرت روزنامہ)سرکاری ملازمین کی تنظیم (اگیگا) نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تنخواہوں اور پنشن میں 100فیصد تک اضافہ کیا جائے ورنہ شدید احتجاج کیا جائے گا، تفصیلات کے مطابق نئے وفاقی بجٹ سے قبل حکومت اور سرکاری ملازمین کے درمیان تنازع سامنے آگیا۔ وفاقی حکومت نے ملازمین اور پنشنرز کو مہنگائی کے تناسب سے ریلیف دینے کا عندیہ دیا ہے تاہم سرکاری ملازمین نے تنخواہوں اور پنشن میں 100 فیصد تک اضافے کا مطالبہ کررکھا ہے۔
سرکاری ملازمین کی تنظیم نے بجٹ سے ایک روز پہلے وزارت خزانہ اور بجٹ والے دن پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دینے کا فیصلہ کرلیا۔ ترجمان کے مطابق چارٹر آف ڈیمانڈز پر عمل نہ کیا گیا تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس نے 10 مارچ 2025 کےمعاہدے پر عمل کا مطالبہ کردیا۔ مزدور کی کم از کم اجرت 50 ہزار روپے مقرر، پنشنرز کی کم از کم پنشن 50 ہزار، محروم ملازمین کی تنخواہوں میں فرق ختم کرنے کیلئے 30 فیصد الاونس دینے کا مطالبہ کردیا۔ بتاتے چلیں مالی سال 27-2026 کا قومی اسمبلی و سینیٹ کا بجٹ اجلاس 5 جون کی سہ پہر ہوں گے، وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس بھی پانچ جون کو ہوگا جبکہ قومی اقتصادی سروے 26-2025 4 جون کو جاری کیا جائے گا۔
