پنجگور میں فائرنگ کے دو واقعات، ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی، نوجوان کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد

پنجگور (قدرت روزنامہ) پنجگور میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی جبکہ ایک نوجوان کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق باب دزک-تسپ روڈ پر نامعلوم گاڑی سواروں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں نوشاد ولد جمیل موقع پر جاں بحق ہو گیا، جبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر ایک اور شخص زخمی ہو گیا۔
واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ زخمی کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دریں اثنا، پولیس نے گریڈ اسٹیشن کے علاقے سے جاسم ولد طاہر نامی نوجوان کی لاش برآمد کر لی۔ پولیس کے مطابق مقتول کے جسم پر گولیوں کے متعدد نشانات موجود تھے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔
پولیس نے دونوں واقعات کی ابتدائی رپورٹ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔ ابھی تک کسی گروہ یا فرد نے واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
