قومی وسائل کی لوٹ مار، غیر آئینی فیصلوں اور استحصالی پالیسیوں کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

مائنز اینڈ منرلز ایکٹ اور ناروا الاٹمنٹس کے خلاف برشور جلسے اور شیرانی کانفرنس میں بھرپور شرکت پر عوام کا شکریہ، صوبائی سیکرٹریٹ کا پریس ریلیز


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں برشور بازار میں پارٹی کے زیرِ اہتمام مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025، ناروا و غیر آئینی الاٹمنٹس، قومی وسائل کی لوٹ مار اور عوامی حقوق پر حملوں کے خلاف منعقدہ عظیم الشان احتجاجی جلسۂ عام میں ہزاروں عوام کی بھرپور شرکت اور ضلع شیرانی کی کامیاب، تاریخی اور نمائندہ ضلعی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر تمام عوام، پارٹی کارکنوں، علاقائی عمائدین، قبائلی مشران، نوجوانوں اور سیاسی کارکنوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ برشور کے تاریخی جلسۂ عام اور شیرانی کی کامیاب ضلعی کانفرنس میں عوام کی بھرپور شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پشتون عوام اپنے قومی حقوق، وسائل کے تحفظ، جمہوری اقدار اور سیاسی خودمختاری کے لیے بیدار اور منظم ہو چکے ہیں۔ عوام نے مثبت اور ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارٹی کی آواز پر لبیک کہا اور اپنی ملی نجات کی جدوجہد کو مزید تقویت بخشی۔
بیان میں کہا گیا کہ برشور کے جلسۂ عام میں ہزاروں افراد کی شرکت نے ان تمام سازشوں اور ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دیا جن کے ذریعے عوام کو مائنز اینڈ منرلز ایکٹ اور ناروا الاٹمنٹس کے خلاف جاری تحریک سے دور رکھنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ عوام نے ثابت کر دیا کہ وہ اپنے قومی وسائل کی لوٹ مار، غیر آئینی فیصلوں اور استحصالی پالیسیوں کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
پریس ریلیز میں ضلع شیرانی کے کارکنوں اور عوام کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ضلعی کانفرنس میں بھرپور شرکت نے نہ صرف پارٹی کو علاقے میں مزید مضبوط کیا بلکہ تنظیمی استحکام اور عوامی اعتماد میں بھی اضافہ کیا ہے۔ کانفرنس کے انعقاد نے اس امر کو واضح کر دیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی علاقے کی ایک مضبوط، متحرک اور عوامی قوت بن چکی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ہی پشتون عوام کی حقیقی نمائندہ سیاسی جماعت ہے جو ہر سطح پر اپنے عوام کے قومی، سیاسی، معاشی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ پارٹی اپنے عوام کے ملی ارمانوں، قومی مفادات اور اجتماعی حقوق کے حصول کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور نہ ہی کسی قسم کے دباؤ کو قبول کرے گی۔
صوبائی سیکرٹریٹ نے عوام کے اعتماد، محبت اور بھرپور حمایت کو پارٹی کے لیے ایک عظیم سرمایہ قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارٹی اپنی جدوجہد کو مزید منظم، مؤثر اور وسیع بنائے گی اور قومی وسائل، عوامی حقوق، جمہوریت اور پشتون وطن کے روشن مستقبل کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert