مشکوک شناختی کارڈز کے معاملے پر اہم اجلاس، افغان شہریوں سے متعلق ڈی ایل سی امور کا جائزہ

کراچی(قدرت روزنامہ) ڈپٹی کمشنر ویسٹ علی ذوالفقار میمن کی زیرِ صدارت ضلع ویسٹ میں افغان شہریوں کے مشکوک قومی شناختی کارڈز سے متعلق ڈسٹرکٹ لیول کمیٹی (DLC) کے امور کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایس ایس پی ویسٹ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مشکوک شناختی کارڈز کے معاملات، ان کی جانچ پڑتال اور قانونی کارروائی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ویسٹ علی ذوالفقار میمن نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مشکوک شناختی دستاویزات کی جانچ کے عمل کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے تاکہ غیر قانونی طور پر حاصل کیے گئے شناختی کارڈز کی بروقت نشاندہی ممکن ہو سکے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور رابطے کے ذریعے ایسے معاملات کو قانون کے مطابق نمٹائیں اور قومی شناختی نظام کی شفافیت کو یقینی بنائیں۔
شرکاء نے مشکوک شناختی کارڈز سے متعلق زیرِ التوا کیسز، تصدیقی عمل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ قانون اور ضابطوں کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
