کسکو میں ناقص کارکردگی پر افسران کے خلاف کارروائی، متعدد انجینئرز اور ایس ڈی اوز کو شوکاز نوٹس جاری

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات پر صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے میں تاخیر اور ناقص کارکردگی کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر یوسف شاہ خان نے کہا ہے کہ ہیلپ لائن 118 پر درج ہونے والی صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے میں ناکامی اور غیر تسلی بخش کارکردگی کے باعث متعدد افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی ہے اور انہیں شوکاز نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ آپریشن میں تعینات ایسے افسران کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی کارکردگی اپنے متعلقہ علاقوں میں غیر تسلی بخش رہی، جس کے باعث کمپنی کی مجموعی آپریشنل کارکردگی متاثر ہوئی۔
چیف ایگزیکٹو کے مطابق صارفین کو بجلی کی فراہمی اور شکایات کے فوری ازالے کو کیسکو کی اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے جبکہ بہتر کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق شکایات کے ازالے میں تاخیر پر کوئٹہ، زرغون، سریاب، لورالائی، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات، نوشکی، سبی، نصیرآباد، تربت اور گوادر کے ایکسین آپریشن ڈویژنز کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
اسی طرح مختلف سب ڈویژنز کے ایس ڈی اوز جن میں مری آباد، کینٹ، لیاقت بازار، گوالمنڈی، سیٹلائٹ ٹاؤن، کرانی، کچلاک، سبی، جعفرآباد، ڈیرہ مراد جمالی، اوستہ محمد، تربت، گوادر، پسنی، لورالائی، ژوب، زیارت، چمن اور دیگر علاقے شامل ہیں، ان کے خلاف بھی ناقص کارکردگی پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
