ملک بھر میں 5 ہزار 700 ارب مالیت کے 50 ہزار سے زائد ٹیکس مقدمات زیرالتوا ہونے کا انکشاف
ایف بی آر ذرائع کے مطابق اپیلٹ ٹربیونلز میں سب سے زیادہ 3 ہزار 383 ارب روپے مالیت کے 27 ہزار 621 مقدمات زیر التوا ہیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک بھر میں ٹیکس اور کسٹمز سے متعلق تقریباً 5 ہزار 700 ارب روپے مالیت کے 50 ہزار 732 مقدمات مختلف عدالتوں اور ٹریبونلز میں زیر سماعت ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کے باعث قومی خزانے کی خطیر رقم قانونی تنازعات میں پھنسی ہوئی ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ذرائع کے مطابق اپیلٹ ٹربیونلز میں سب سے زیادہ 27 ہزار 621 مقدمات زیر التوا ہیں جن کی مجموعی مالیت 3 ہزار 383 ارب روپے بنتی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کلیکٹر ایڈجوڈیکیشن کے پاس 58 ارب 30 کروڑ کے 2155 کیسز ہیں اور کلیکٹر اپیلز کے پاس 46 ارب 30 کروڑ روپے کے 322 کیسز ہیں۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں 184 ارب روپے کے 3 ہزار 961 ٹیکس اور کسٹمز کیسز زیر سماعت ہیں، لاہور ہائی کورٹ میں 977 ارب روپے کے 8 ہزار 232 مقدمات، سندھ ہائی کورٹ میں بھی ٹیکس اور کسٹمز کے 558 ارب روپے کے 5 ہزار 521 کیسز زیر سماعت ہیں۔
اسی طرح اسلام آباد ہائی کورٹ میں دو ہزار 210 مقدمات 492 ارب روپے مالیت کے زیر سماعت ہیں، پشاور ہائی کورٹ میں 528 مقدمات 28 ارب روپے اور بلوچستان ہائی کورٹ میں 186 مقدمات 8 ارب روپے مالیت کے زیر التوا ہیں۔
