سول اسپتال کوئٹہ میں لیڈی پی جی ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے واقعے کا وزیراعلیٰ بلوچستان نے نوٹس لے لیا


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سول اسپتال کوئٹہ میں لیڈی پی جی ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند کے مطابق متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو بہتر علاج معالجے کے لیے آریا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضرورت پڑنے پر متاثرہ ڈاکٹر کو کراچی منتقل کرنے کے لیے ائیر ایمبولینس بھی تیار رکھی گئی ہے۔
شاہد رند نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے متاثرہ ڈاکٹر کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور ہر ممکن علاج معالجہ یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزم کی شناخت کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔
معاون وزیر اعلیٰ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزم کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو ہر صورت گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔
شاہد رند نے واضح کیا کہ خواتین ڈاکٹرز اور طبی عملے کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور حکومت ان کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔

WhatsApp
Get Alert