خلجی کالونی میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا شمولیتی اجتماع، 27 کارکنوں کی پارٹی میں شمولیت


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیری، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری عبیداللہ توخی اور علاقائی سینئر معاون سیکرٹری عبدالواحد انڈر نے خلجی کالونی میں جسیم خان کی سربراہی میں 27 سیاسی کارکنوں کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ بڑے شمولیتی اجتماع سے خطاب کیا۔ مقررین نے نئے شامل ہونے والے کارکنوں کو پشتون قومی تحریک کا قیمتی سرمایہ قرار دیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نئے ساتھیوں نے ایک اہم اور درست وقت پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے، جس سے نہ صرف پارٹی بلکہ پوری پشتون قومی تحریک کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اپنے قومی، جمہوری اور عوامی اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے پشتون ملت کے اجتماعی حقوق، قومی تشخص اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی شعور اور منظم جدوجہد کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے، اور مختلف حلقوں سے سیاسی کارکنوں کی پارٹی میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام پارٹی کے مؤقف اور جدوجہد پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔
مقررین نے اعلان کیا کہ 21 جون کو قلعہ سیف اللہ کے فٹبال اسٹیڈیم میں ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی پانچویں برسی کے موقع پر ایک بڑا جلسۂ عام منعقد ہوگا، جس میں جنوبی پشتونخوا سمیت مختلف علاقوں سے ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے بھی بڑی تعداد میں کارکن، نوجوان، خواتین اور عوام جلسے میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہید عثمان خان کاکڑ ایک اصول پسند، باوقار اور جمہوری رہنما تھے جنہوں نے سینیٹ کے ایوان میں پشتونوں اور دیگر محکوم اقوام کے حقوق کے لیے مؤثر آواز بلند کی۔ ان کی سیاسی جدوجہد، جمہوری استقامت اور عوامی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
نصراللہ خان زیری، عبیداللہ توخی اور عبدالواحد انڈر نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ جلسۂ عام کی تیاریوں کے لیے گھر گھر رابطہ مہم کو تیز کریں اور زیادہ سے زیادہ عوام کو شرکت کے لیے آمادہ کریں۔
اجتماع کے اختتام پر نئے شامل ہونے والے کارکنوں نے پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پشتون قومی تحریک کو مزید مضبوط بنانے اور پارٹی پیغام کو عوام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

WhatsApp
Get Alert