پیشکان کے عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے: مولانا ہدایت الرحمن بلوچ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) امیر جماعت اسلامی بلوچستان اور ایم پی اے قائد حق دو تحریک مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے گزشتہ روز پیشکان کا دورہ کیا، جہاں علاقے کو درپیش عوامی مسائل خصوصاً بجلی کے بحران کے حوالے سے ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں حق دو تحریک بلوچستان پیشکان کے ذمہ دار جاوید صدیق، چیئرمین جمیل آدم، چیئرمین شکیل حاجی، کونسلرز حمید نذیر، جنید نصیر، عبدالقدیر، قادر بخش، زوہیب، علاقہ معززین اور بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔
اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کے ہمراہ حق دو تحریک کے دیگر رہنما بھی موجود تھے جن میں شریف میانداد، نوید محمد، شعیب غلام رسول، چراغ کلمتی، عبدالقدیر، نصیر شہزادہ، ایاز واحد اور رفیق خیال شامل تھے۔
اجلاس کے دوران پیشکان کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ مقامی قیادت نے ایم پی اے کو آگاہ کیا کہ شدید گرمی کے باوجود غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج، بار بار ٹرپنگ اور خراب ٹرانسفارمرز کی بروقت مرمت و تبدیلی نہ ہونے کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے ان مسائل نے ماہی گیروں کے روزگار، برف کی فراہمی، کاروباری سرگرمیوں اور روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے تمام مسائل غور سے سننے کے بعد فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پیشکان گوادر کا ایک اہم ساحلی علاقہ ہے اور وہاں کے عوام کو بنیادی سہولت یعنی بجلی سے محروم رکھنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حق دو تحریک عوامی مسائل پر خاموش نہیں بیٹھے گی اور پیشکان کے بجلی بحران کو ہر فورم پر بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ وہ بلوچستان اسمبلی سمیت متعلقہ حکام کے سامنے پیشکان فیڈر کی اپ گریڈیشن، نئے ٹرانسفارمرز کی تنصیب، کم وولٹیج کے خاتمے اور لوڈشیڈنگ کے منصفانہ شیڈول کے مطالبات پیش کریں گے۔
انہوں نے ہدایت جاری کی کہ عوامی شکایات کا مکمل ریکارڈ مرتب کرکے فوری طور پر کیسکو اور متعلقہ اداروں کو پیش کیا جائے تاکہ اوور بلنگ، غلط بلنگ اور دیگر مسائل کا ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر مقامی قیادت اور شرکاء نے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کے دورے اور عوامی مسائل میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پیشکان کے عوام کو جلد ریلیف ملے گا۔

WhatsApp
Get Alert