گوادر میں بجلی مسائل کے حل کے لیے اہم اجلاس، شکایتی سیل قائم کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) امیر جماعت اسلامی بلوچستان، ایم پی اے اور قائد حق دو تحریک گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی سربراہی میں کیسکو دفتر گوادر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر، مختلف وارڈز کے کونسلرز اور کیسکو حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایکسیئن کیسکو حسین بخش سمیت دیگر متعلقہ افسران نے گوادر شہر اور ضلع بھر میں بجلی سے متعلق درپیش مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا۔
اجلاس کے دوران کم وولٹیج، غیر معیاری اور بوسیدہ بجلی کی تاروں کی تبدیلی، خستہ حال کھمبوں کی مرمت، خراب ٹرانسفارمرز کی بروقت مرمت و تبدیلی اور ترسیلی نظام میں بہتری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے مختلف علاقوں میں صارفین کو درپیش مشکلات اور عوامی شکایات سے کیسکو حکام کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں اوور بلنگ، غلط بلنگ اور بلوں کی ادائیگی سے متعلق مسائل پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور بلدیاتی نمائندوں نے زور دیا کہ صارفین کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے اور عوام کو غیر ضروری مشکلات سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں یہ اہم فیصلہ بھی کیا گیا کہ صارفین کی شکایات کے فوری اندراج، نگرانی اور بروقت حل کے لیے ایک باقاعدہ شکایتی سیل (Complaint Cell) قائم کیا جائے گا، جو بجلی سے متعلق مسائل کو منظم انداز میں متعلقہ حکام تک پہنچائے گا اور ان کے حل کی پیش رفت کا جائزہ لے گا۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ بجلی عوام کی بنیادی ضرورت ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ گوادر اور ضلع بھر میں بہتر بجلی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطہ رکھا جائے گا۔
اجلاس کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون اور شکایتی سیل کے قیام سے گوادر میں بجلی کے نظام میں بہتری اور عوامی مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔
