پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی میں 80 افراد کی شمولیت، کلی شیخان میں بڑا اجتماع

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے زیرِ اہتمام کلی شیخان، شیراز آباد گلی نمبر 2 میں ایک بڑا شمولیتی اجتماع منعقد ہوا، جس سے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری عبدالرزاق خان بڑیچ، عبدالعلی اچکزئی اور ملک جہانزیب خان کاسی نے خطاب کیا۔
اجتماع کی قیادت انیس خان تاجک نے کی، جہاں بیس خاندانوں سے تعلق رکھنے والے 80 افراد نے باقاعدہ طور پر پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مقررین نے نئے شامل ہونے والے کارکنوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی مسلسل شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ پارٹی کی اصولی، جمہوری اور عوام دوست سیاست کو عوامی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
مقررین نے کہا کہ پارٹی اپنے بانی رہنما عبدالرحیم خان مندوخیل اور ملی شہید عثمان خان کاکڑ کے سیاسی فلسفے کے مطابق پشتون قوم کے حقوق، آئین کی بالادستی اور قومی وحدت کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے ملک کی مجموعی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشتون وطن میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، جبکہ قتل و غارت، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام نظر آتی ہے۔
اجتماع میں 21 جون کو قلعہ سیف اللہ فٹبال اسٹیڈیم میں ہونے والے ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی پانچویں برسی کے عوامی جلسے کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی۔
آخر میں نئے تنظیمی یونٹ کا انتخاب عمل میں لایا گیا، جس میں ملک باز محمد کو یونٹ سیکریٹری، الماس خان کو سینئر معاون جبکہ وسیم خان، عظیم خان، یوسف خان، محمود خان اور عتیق خان کو معاونین منتخب کیا گیا۔ نئے شامل ہونے والے نمایاں افراد میں حاجی اکبر، حاجی احمد جان، حاجی ظاہر، اشرف اور جہانگیر سمیت دیگر شامل ہیں۔
